کولکاتہ، یکم جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے کئی مقامات پر چھاپے ماری کی۔سی بی آئی ٹیم نے چٹ فنڈ کمپنی نیو انڈیا ایگرو پرائیویٹ کے مختلف دفاتر پر چھاپہ ماری کی۔مشرقی کولکاتہ میں کمپنی کے ڈائریکٹر سوربھ منڈول کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ ماری چلی۔اس کے علاوہ سی بی آئی کی ایک ٹیم ڈائریکٹر پرسینجیت سرکار کے گھر پر بھی چھاپہ ماری کی۔اس کڑی میں پیر کو 50 سے 60 کی تعداد میں سی بی آئی افسروں نے مختلف ٹیم میں بنا مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتہ کے علاوہ درگاپور، آسن سول، آرام باغ وغیرہ علاقوں میں 16 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔بتایا جا رہا ہے کہ نیولیڈ ایگرو لمیٹڈ نامی ایک چٹ فنڈ کمپنی کے دفتر اور حکام کے گھروں پر چھاپہ ماری ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق نیولیڈ ایگرو لمیٹڈ نام کی چٹ فنڈ کمپنی نے سیبی کے قوانین کو درکنار کرکے کولکاتا کے ساتھ ساتھ آسن سول، درگاپور، آرام باغ اور بردوان ضلع میں اپنا وسیع کاروبار پھیلا رکھا ہے۔مارکیٹ ریگولیٹری ادارے سیبی کے قوانین کو درکنار کر اس چٹ فنڈ کمپنی نے بھاری فائدہ کے نام پر مارکیٹ سے کروڑوں روپے اٹھائے تھے اور بعد میں سرمایہ کاروں کی اصل رقم بھی واپس دینے کے بجائے کمپنی کے ڈائریکٹرز نے چٹ فنڈ کے دفتروں پر تالا لگا دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے۔سیبی کی رپورٹ کے مطابق سی بی آئی نے اس کی جانچ شروع کی تھی۔پیر کی صبح تقریبا 60 کی تعداد میں سی بی آئی افسر سالٹ لیک کے سی جی او کمپلیکس میں واقع جانچ ایجنسی کے مشرقی علاقائی ہیڈکوارٹر سے نکلے تھے اور کولکاتہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں چھاپہ ماری کے لئے روانہ ہو گئے۔شہر کے بباجار علاقے میں واقع چٹ فنڈ کمپنی کے دفتر میں چھاپہ ماری کی گئی۔